ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی کا غزہ کی حمایت کا اعادہ

عالمی شہرت یافتہ اداکارہ انجلینا جولی نے ہفتے کے روز ایک انسٹاگرام اسٹوری میں غزہ کے بارے میں ڈاکٹرز وداؤٹ فرنٹیئرز کی رپورٹ شیئر کرتے ہوئے غزہ کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

20 سال سے زائد خیر سگالی سفیر اور اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے یواین ایچ سی آر کی خصوصی سفیر رہنے والی اداکارہ انجلینا جولی کی طرف سے شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں انسانی امدادی گروپ نے غزہ کی صورتحال کو ’فلسطینیوں اور ان کی مدد کرنے والوں کے لیے اجتماعی قبر‘ کے طور پر بیان کیا ہے۔

مذکورہ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی افواج نے غزہ کی پٹی پر فضائی، زمینی اور سمندری راستے سے اپنے فوجی حملے کو دوبارہ شروع کرتے ہوئے اس میں توسیع کی، لوگوں کو زبردستی بے گھر کیا اور جان بوجھ کر ضروری امداد کو روکا۔ ’فلسطینیوں کی زندگیاں ایک بار پھر منظم طریقے سے تباہ ہو رہی ہیں۔‘

پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے مہلک حملے غزہ میں انسانی امداد اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کی حفاظت کے لیے واضح خطرات ہیں۔

ڈاکٹرز وداؤٹ فرنٹیئرز نے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کا غیر انسانی اور مہلک محاصرہ، فلسطینیوں کے ساتھ ساتھ انسانی اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اہلکاروں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے بھی، فوری طور پر اٹھائے۔

پوسٹ میں جنگ بندی کے دوبارہ قیام کی امید بھی ظاہر کی گئی ہے، اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 51 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو اسرائیل کے وحشیانہ حملے میں شہید کیا جا چکا ہے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

بین الاقوامی فوجداری عدالت نے گزشتہ نومبر میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف غزہ میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

اسرائیل کو غزہ پر جنگ کے لیے عالمی عدالت انصاف میں نسل کشی کے مقدمے کا بھی سامنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں