ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں نجی گارڈ کے ساتھ جھگڑے کے دوران 2 چینی باشندوں کے زخمی ہونے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس حوالے سے وزارت داخلہ اور چینی سفارتخانے کے ساتھ رابطے میں ہیں، ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ہم زخمی چینی باشندوں کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں، پاکستان ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین قریبی شراکت دار اور آہنی بھائی ہیں، پاکستان چینی شہریوں منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ اے ایریا میں غیرملکیوں اور مقامی سیکیورٹی گارڈز کے درمیان جھگڑے میں 2 چینی باشندے زخمی ہوگئے تھے، وزیرداخلہ سندھ نے مذکورہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا