پاکستان کا بڑا اعزاز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اعلیٰ ترین سعودی میڈل سے سرفراز

خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خصوصی ہدایت پر سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو شاہ عبدالعزیز میڈل (اعلیٰ درجہ) سے نوازا۔
یہ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

یہ تقریب آج ریاض میں وزارتِ دفاع میں اس وقت منعقد ہوئی جہاں سعودی وزیرِ دفاع نے پاکستان کے آرمی چیف کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر شہزادہ خالد بن سلمان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے پر تقرری پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور دفاعی شعبے میں اسٹریٹجک تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ عالمی امن و سلامتی کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس ملاقات میں سعودی نائب وزیرِ دفاع شہزادہ عبدالرحمان بن محمد بن عیاف، چیئرمین جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی، وزیرِ دفاع کے انٹیلیجنس امور کے مشیر ہشام بن عبدالعزیز بن سیف، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

یہ اعزاز دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے اور مضبوط دفاعی تعلقات کا مظہر ہے اور مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی عکاسی کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں