وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اگلے سال مون سون کے نقصانات سے بچاؤ کیلئے ابھی سے حفاظتی تیاریوں کی ہدایت کرتے ہوئے قلیل المدتی منصوبے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچاؤ کی حکومتی حکمت عملی پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس کو اگلے سال مون سون کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے قلیل، وسط اور طویل مدتی منصوبوں پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔
شہباز شریف نے پیش کردہ قلیل مدتی منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے فوری عملدرآمد کا حکم دیا اور کہا کہ اگلے سال مون سون کے نقصانات سے بچنے کے لیے ابھی سے تیاری کی جائے، وزرات موسمیاتی تبدیلی، وزارت منصوبہ بندی اور این ڈی ایم اے مربوط حکمت عملی بنائیں۔
وزیراعظم نے پانی کے بہتر انتظام کیلئے قومی سطح پر منصوبہ سازی کیلئے نیشنل واٹر کونسل کے اجلاس کی تیاری کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ہر تیسرے سال موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات پر جی ڈی پی کا خاطر خواہ حصہ خرچ کرنا پڑتا ہے۔












