پاکستان اور سعودی عرب نے اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے، جس میں سرمایہ کاری، مشترکہ معاہدے اور پارلیمانی وفود کے تبادلے شامل ہیں۔ سعودی وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور ایس آئی ایف سی کے ترجیحی شعبوں پر بریفنگ حاصل کی، جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے برادرانہ تعلقات اور مقدس مقامات کی حفاظت پر زور دیا۔
اسلام آباد میں سعودی-پاک مشترکہ بزنس کونسل کے اجلاس میں سعودی وفد نے شرکت کی، جس کی قیادت شہزادہ منصور بن محمد السعود کر رہے تھے۔
اجلاس میں معدنیات، توانائی، زراعت، لائیو اسٹاک، سیاحت، تعمیرات اور دیگر شعبوں کے اہم کاروباری نمائندے شریک ہوئے، جبکہ پاکستان کے نجی شعبے اور ممتاز کاروباری اداروں کے نمائندگان نے بھی اجلاس میں حصہ لیا۔
اجلاس کے دوران سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، حکومت کی اصلاحات اور ایس آئی ایف سی کے ترجیحی شعبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
شہزادہ منصور بن محمد السعود نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جاری اصلاحاتی اقدامات کو سراہا اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق پاکستان کے ساتھ طویل المدتی اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کا عزم دہرایا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں طے پایا کہ وفد کراچی اور لاہور کے دورے بھی کرے گا تاکہ صوبائی حکومتوں اور کاروباری اداروں کے ساتھ سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں پر بات چیت کی جا سکے۔
اسی دوران وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے سعودی شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ سے ملاقات کی، جس میں مشترکہ دفاعی معاہدے اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں کو دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے فروغ کا ذریعہ قرار دیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی صحت و تندرستی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن، اقتصادی و سماجی ترقی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی–پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے اجلاس سے بھی خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بھائی چارے اور دیرینہ اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ معاہدوں، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو مضبوط کرنے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مقدس مقامات کی حفاظت کے لیے ہر مسلمان تیار ہے اور پاکستان ہمیشہ ان کی حفاظت کے لیے کردار ادا کرے گا۔
اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ بزنس کونسل نے معاہدوں اور کاروباری تعاون کے لیے پرجوش ہونے کا اظہار کیا اور پاکستانی مارکیٹ میں سعودی کاروباری سہولیات کی فراہمی کا وعدہ کیا۔