وزیراعظم کا سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف پیکیج ، اگست کے بجلی بل معاف کرنیکا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی بل معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے ملک کے مختلف علاقوں میں بہت تباہی ہوئی ہے، جان نقصان کے ساتھ ساتھ لوگوں کے مال مویشی اور گھروں کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں گھریلو صارفین کے اگست کے بل معاف کیے جا رہے ہیں، جو صارفین اگست کا بل ادا کر چکے ، ان کو اگلے بل میں یہ رقم واپس کردی جائے گی، اس حوالے سے واضح ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے، متاثرین کےبجلی بلوں کی ادائیگی وفاقی حکومت اپنے وسائل سے کرے گی، متاثرہ آبادیوں میں اشیائے خورونوش اور صحت کے لیے وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں، عوام اور فوج مل کر ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں زرعی، کمرشل اور صنعتی شعبے سے وابستہ بجلی صارفین کے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگایا جا رہا ہے، اگست کے بجلی بلوں کی وصولی مؤخر کی جا رہی ہے، اگر صارفین کے نقصانات کا تخمینہ زیادہ نکلا، تو مزید ریلیف کے اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا بھر پور ازالہ کیا جائے گا، متاثرین کے اپنے گھروں میں واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں