ایرانی پارلیمنٹ ’پاکستان تشکر تشکر‘ کے نعروں سے گونج اُٹھی

ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے پارلیمان میں خطاب کے فوری بعد پاکستان کے حق میں نعرے بلند ہو گئے۔ ایران کے صدر نے پارلیمنٹ میں اپنے خطاب میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا اور حمایت پر برادر مسلم ملک پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ایرانی سفارت خانے کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ارکان اپرلیمنٹ پاکستان تشکر تشکر کے نعرے لگا رہے ہیں۔

یہ موقع تب آیا جب ایرانی صدر نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی جانب سے اس کڑے وقت میں حمایت کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

ایرانی پارلیمنٹ چند سیکنڈوں تک پاکستان تشکر تشکر کے نعروں سے گونجتی رہی۔ ارکان پارلیمنٹ نے تالیاں اور ڈیسک بجا کر بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ 14 جون کو پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا تھا کہ اسرائیل مسلسل جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، صہیونی ریاست کے اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایران کے پاس یو این چارٹر کے تحت حق دفاع موجود ہے، ایران کے ایٹمی معاملے کا پرُامن حل نکالا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ جمعہ 13 جون سے سے اب تک اسرائیل نے ایران پر بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں، جن میں فوجی اڈوں، جوہری تنصیبات اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں