پاکستانی کوہ پیما ثمینہ بیگ نے جنوبی قطب تک اسکینگ مکمل کر کے تاریخ رقم کر دی

پاکستانی کوہ پیما ثمینہ بیگ نے ایک شاندار اور تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے جنوبی قطب تک اسکینگ مکمل کر لی۔ جس کے بعد وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔

گلگت بلتستان کے علاقے شمشال سے تعلق رکھنے والی ثمینہ بیگ نے انتہائی سرد، دشوار گزار اور چیلنجنگ موسمی حالات میں یہ طویل اور کٹھن سفر کامیابی سے مکمل کیا۔ ان کی یہ مہم عالمی سطح پر معروف ایکسپلوررز گرینڈ سلیم چیلنج کا حصہ تھی۔ جس میں دنیا کے سب سے مشکل اور دور دراز مقامات کو سر کرنا شامل ہے۔
ثمینہ بیگ نے اپنی کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی قطب کا یہ سفر ان کی زندگی کا سب سے مشکل مگر سب سے زیادہ معنی خیز تجربہ تھا۔ اس مہم میں ہر قدم پر اعتماد، صبر اور خواب پر یقین کی ضرورت پڑی اور یہی عناصر انہیں مضبوط بناتے رہے۔

انہوں نے خاص طور پر نوجوان خواتین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنے خوابوں کی تکمیل کی کوشش کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ اور اگر عزم مضبوط ہو تو ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

ثمینہ بیگ نے اپنی کامیابی کو اپنے خاندان، ٹیم اور مالی و جذباتی تعاون فراہم کرنے والوں کے نام منسوب کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی پرچم کو دنیا کی بلند ترین چوٹیوں اور اب جنوبی قطب تک لے جانا ان کے لیے فخر اور اعزاز کا لمحہ ہے۔

واضح رہے کہ ثمینہ بیگ اس سے قبل بھی متعدد عالمی اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں۔ وہ ماؤنٹ ایورسٹ، کے ٹو اور دنیا کی ساتوں بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں