سعودی عرب کا تاریخی دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف لندن پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا تاریخی دورہ مکمل کرنے کے بعد وفاقی وزرا سمیت لندن پہنچ گئے ہیں۔

شہباز شریف لندن کے لوٹن ایئرپورٹ پہنچے، اس سے پہلے وہ کچھ دیر سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا رکے تھے اور وہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کی عیادت کی۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے پاک سعودی عرب تاریخی دفاعی معاہدے کی تفصیلات سے بھی نواز شریف کو آگاہ کیا۔

شہباز شریف لندن میں برطانوی حکام اور پاکستانی بزنس کمیونٹی سے ملیں گے جبکہ ہفتے کے روز پاکستانی کمیونٹی کے کنونشن سے خطاب کریں گے۔
بعد ازاں اتوار کو امریکا کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ 26 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط کیے ہیں۔

مذکورہ معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو بڑھانے، خطے اور دنیا میں امن کے حصول کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، موجودہ اور متوقع خطرات و چیلنجز کے تناظر میں یہ معاہدہ دفاع کو مضبوط بنائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں