وزیرِاعظم محمد شہباز شریف آج سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔
دفترخارجہ کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ آج سہ پہر سرکاری دورے پر ریاض پہنچیں گے، وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سینئیر وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ساتھ ہوں گے ۔
دورے کے دوران وزیرِاعظم کی ملاقات سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ہوگی، پاک سعودی تعلقات کے تناظر میں ملاقات انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
ملاقات میں خطے کی سلامتی اور اسرائیلی جارحیت سمیت پاک سعودی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، دونوں رہنما خطے اور دنیا کی تازہ صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔
توقع ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے طے پائیں گے جو دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت اور گہرائی فراہم کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخ، دین، اقدار اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر استوار ہیں۔
’وزیرِاعظم کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان منفرد شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا، تاکہ دونوں عوام کو اس کے ثمرات حاصل ہوں۔‘