اسلام آباد: پاکستان اور قازقستان کے درمیان وفود کی سطح کے مذاکرات ڈپٹی وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور قازق ہم منصب مراد نرتلیو کی مشترکہ صدارت میں ہوئے۔ قازق وزیرِ خارجہ کے ہمراہ وزیرِ ٹرانسپورٹ، وزیرِ تجارت، نائب وزرائے آئی ٹی و زراعت سمیت اہم حکام شریک تھے۔
ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق مذاکرات سے قبل قازق وفد نے پاکستان کے وزرائے مواصلات، ریلوے اور تجارت سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جبکہ آئی ٹی اور زراعت سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپس (JWGs) کے اجلاس بھی ہوئے۔
وفد نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (NASTP) کا دورہ کر کے آئی ٹی شعبے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔ قازق وزیرِ خارجہ نے پاکستانی بزنس کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔
وفود کی سطح کے مذاکرات میں دونوں ممالک کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ تجارتی و سرمایہ کاری کے فروغ، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت اور سیاحت میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ لنکس کے ذریعے علاقائی روابط مضبوط بنانے اور کثیرالجہتی اداروں میں قریبی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے نومبر 2025 میں قازق صدر کے پاکستان کے مجوزہ دورے کی تیاریوں کو حتمی شکل دی،قازق صدر نے آخری بار 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔