وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیرخارجہ وانگ یی سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے گہرے تعلقات اور پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنعتی ترقی، کانوں اور معدنیات سمیت دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے وزیر اعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جہاں نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور کابینہ کے سینئر ارکان بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم نے چینی وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہا اور چینی قیادت، حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کے قومی وقار، سرحدی سالمیت اور ترقی کی حمایت کی، وزیراعظم نے چین کی اہم قومی امور پر پاکستان کی غیر مشروط حمایت کو سراہا، دونوں رہنماؤں کا آل ویدر اسٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت اور پاکستان چین گہری دوستی کے لیے کردار قابل ستائش ہے، وزیر اعظم نے گزشتہ برس بیجنگ میں صدر شی جن پنگ سے دوستانہ اور نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کیا اور کہا کہ تیانجن اور بیجنگ کے اپنے آئندہ دورے کے لیے بے حد پرجوش ہوں۔
وزیراعظم دورہ چین میں چینی عوام کی مزاحمتی جنگ کی 80ویں سالگرہ میں شرکت کریں گے، وزیراعظم آئندہ دورہ چین میں دیگر اہم تقریبات میں بھی شریک ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی چیانگ اور دیگر سینئر چینی رہنماؤں سے ملاقات کا منتظر ہوں، چین سے تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور زراعت میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی، کانوں اور معدنیات سمیت دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے خواہش مند ہیں، وزیراعظم نے سی پیک کی پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہمیت اور خطے کے رابطے کو بہتر بنانے میں اس کے کردار پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کی مسلسل پیش رفت باعث اطمینان ہے۔
چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے کہا کہ وزیراعظم کے جذبات پر شکریہ ادا کرتے ہیں، چین پاکستان کو آہنی دوست اور آل ویدر اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے۔
وانگ یی نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کو تعاون اور شراکت داری کی نئی بلندیوں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔
چینی وزیر خارجہ کی جانب سے پاکستان کی سرحدی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کی تعریف کی اور کہا کہ خطے میں امن، ترقی اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان سے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
صدر زرداری کی چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے عزم کی تجدید
قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی وزیرخارجہ وانگ ای سے ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے عزم کی تجدید کی۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے ملاقات کی۔
صدر آصف زرداری نے چین کے ساتھ فولادی بھائی چارے کے عزم کی تجدید کی اور کہا کہ پاکستان اور چین آزمودہ دوستاور ہر موسم کے شراکت دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، چین نے ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کی حمایت کی ہے۔
صدر مملکت نے بیجنگ اور گانسو کے سیلاب پر چین سے اظہار تعزیت کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاک-چین اقتصادی راہدرای (سی پیک) پاک-چین مشترکہ وژن کی تکمیل کا اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2026 میں پاک-چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ شایان شان انداز میں منائی جائے گی۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی نسل در نسل قائم ہے۔
صدر مملکت اور چینی وزیرخارجہ کی ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا
