وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں نیول ڈاک یارڈ کا دورہ کیا، وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا خواجہ آصف، احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ اور خالد مقبول بھی موجود تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ دورے کے موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر بھی موجود تھے وزیراعظم نے آپریشن بنیان مرصوص میں پاک بحریہ کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس تیمور کا بھی دورہ کیاکمانڈر پاکستان فلیٹ نے وزیراعظم کو بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نیوی کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی دفاع کے عزم کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کا بحری تجارتی راستوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ہے بحری خودمختاری کے تحفظ میں پاک بحریہ ہر چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہے تاریخی آپریشن دوارکا جیسی کارروائیوں میں پاک بحریہ کی صلاحیت پر اظہارِ اعتماد کیا۔