بھارت میں حکمران جماعت بی جے پی کی ایک ریاستی وزیر وجے شاہ نے انڈین آرمی کی کرنل صوفیہ قریشی کو مبینہ طور پر دہشتگردوں کی بہن قرار دے دیا ہے جس کے بعد ان پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ نے صوفیہ قریشی کے بارے میں یہ ریمارکس مبینہ طور پر ان کی مسلم شناخت کی وجہ سے دیے تاہم اس تبصرے پر تنقید ہونے کے بعد انہوں نے کہا ہے کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹاکر پیش کیا گیا۔
وجے شاہ نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت نے آپریشن سندور کے ذریعے دہشت گردوں کو ان کی بہن کے ذریعے پیغام پہنچایا۔
سوشل میڈیا پر اس جملے کو بی جے پی کی انتہاپسندانہ اور مسلم مخالف سوچ کا مظہر قرار دے کر ان سے معافی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
دوسری طرف صوفیہ قریشی کے بھائی بنٹی سلیمان نے کہا ہے کہ صوفیہ ہمارے ملک کی بیٹی ہیں، انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے وجے شاہ کے تبصرے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
کرنل صوفیہ قریشی حالیہ دنوں بھارتی آپریشن سندور کے بعد متعدد بار بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مصرے کے ساتھ پریس بریفنگس دیں جس کے بعد ان کا حالیہ دنوں میڈیا میں بار بار ذکر ہورہا ہے۔
ان کا تعلق آرمی کے سگنل کور سے ہے اور وہ کثیر القوامی موجی مشق ‘فورس 18’ میں دستے کی سربراہی کرنے والی پہلی خاتون کمانڈر ہونے کا بھی اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔