امریکا اور سعودی عرب کے درمیان 300 ارب ڈالر کے متعدد معاہدوں پر دستخط

امریکا اور سعودی عرب نے اقتصادی شراکت داری اور دفاع سمیت 300 ارب ڈالر کے متعدد معاہدوں پر دستخط کرلیے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ 300 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور سعودی عرب کے درمیان دفاع، توانائی اور معدنایت کے شعبوں میں معاہدے ہوئے ہیں۔

معاہدے کے مطابق سعودی عرب کی مسلح افواج کی صلاحیتوں کو جدید بنانے کا معاہدہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ سعودی خلائی ایجنسی اور ناسا کے درمیان بھی ایک معاہدہ شامل ہے۔

امریکا اور سعودی عرب کے درمیان معدنی وسائل کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دسخط کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ محکمہ انصاف کے ساتھ ایک معاہدہ ہوا ہے، جبکہ متعدی بیماریوں سے متعلق تعاون کا معاہدہ بھی شامل ہے۔

سعودی پریس ایجنسی نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات ہوئے۔

مذاکرات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ اور خطے میں دنیا سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر گفت و شنید کی گئی۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج (منگل کو) سعودی عرب پہنچے جہاں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان نے خود ان کا استقبال کیا۔

امریکا کی فوجیں طاقتور لیکن مجھے جنگیں پسند نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
دریں اثنا انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ امریکا کی فوجیں طاقتور ہیں لیکن مجھے جنگیں پسند نہیں، کچھ دن پہلے پاکستان اور بھارت میں تاریخی سیز فائر کروایا، امریکی انتظامیہ نے دونوں ملکوں کے درمیان کامیابی سے جنگ بندی کروائی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ پاک بھارت دوستوں کو کہاکہ جھگڑا چھوڑیں اور تجارت کریں۔ ’میں نے ان کو دونوں کو سمجھایا کہ میزائلوں کے بجائے وہ ٹریڈ کریں جو آپ کو خوبصورت بنائے۔‘

امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی قیادتیں مضبوط اور ذہین ہیں، سیز فائر ہوچکا ہے اور امید ہے وہ اسے برقرار رکھیں گے، مارکو روبیو، جے ڈی وینس کی کوششتوں سے دونوں ملک رکے، پاک بھارت جنگ بندی پر مارکو روبیو اور جے ڈی وینس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

’پاکستان بھارت جنگ میں لاکھوں لوگ قتل ہو سکتے تھے‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی جنگ میں لاکھوں لوگ قتل ہوسکتے تھے، دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھتی جارہی تھی، خوشی ہوئی کہ دونوں نے کشیدگی روک دی، دونوں ملکوں کے درمیان سیز فائر کروانے پر امریکی انتظامیہ پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوری سے اب تک امریکا نے 83 دہشتگرد لیڈروں کو ختم کیا ہے۔ عراق، شام، صومالیہ سے کام کرنے والے دہشتگردوں کو ختم کیا جبکہ پاکستان کی مدد سے داعش سے وابستہ عالمی دہشتگرد کو گرفتار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں