آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا،مسلح افواج عوام کی حمایت سے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکا نے ملاقات کی ،ورکشاپ کا مقصد بلوچستان کی آئندہ قیادت کو قومی و صوبائی امور پر آگاہی دینا ہے۔
اس موقع پرآرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، جاری ترقیاتی منصوبے بلوچستان کے عوام کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔
نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنے پر سول سوسائٹی کے کردار کو سراہا گیا،آرمی چیف نے مزید کہا کہ بیرونی پشت پناہی سے جاری دہشتگردی بلوچستان کی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہے۔
پاکستان دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے،دہشتگردی کا کوئی مذہب، فرقہ یا نسل نہیں، اس کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا،بلوچستان کے نام پر دہشت پھیلانے والے عناصر بلوچ شناخت پر دھبہ ہیں،ورکشاپ کا اختتام سوال و جواب کی دلچسپ نشست پر ہوا۔