پاکستان اور افغانستان نے کابل ملاقات میں ہونے والے فیصلوں پر جلد عملدرآمد پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے دورہ کابل پر پرتپاک میزبانی پر افغان قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے مذاکرات کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا، اور فیصلوں پر جلد عملدرآمد پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں اقدامات پر زور دیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرلی۔
یہ بھی پڑھیں کیا پاکستان اور افغانستان کے درمیان معاملات بہتری کی طرف گامزن ہیں؟
واضح رہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز کابل کا ایک روزہ دورہ کیا تھا، اس دوران پاکستان اور افغان نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ دونوں ممالک اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔