بیساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے تقریباً سات ہزار سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔ واہگہ بارڈر پر یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے نمائندے موجود تھے۔
سکھ یاتریوں کی آمد پرواہے گرو جی کا خالصہ، واہے گرو جی کے نعروں سے ماحول گونج اٹھا۔
بھارتی یاتریوں کا کہنا تھا کہ ان کی برسوں پرانی دعا آج قبول ہوئی، اور وہ بابا گرونانک کی دھرتی پر قدم رکھ کر روحانی خوشی محسوس کر رہے ہیں۔
پاکستانی حکام کی جانب سے 6,751 ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ یاتریوں کے پہلے گروپ کو خصوصی بسوں کے ذریعے واہگہ سے پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ کیا گیا، جبکہ دوسرا گروپ کرتارپور کے لیے روانہ ہوا۔
پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے سربراہ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشادہ دلی سے سکھ یاتریوں کا استقبال کیا ہے اور مذہبی ہم آہنگی و محبت کا پیغام دیا ہے۔
بیساکھی میلہ پیر سے باقاعدہ طور پر شروع ہوگا، جہاں ملک بھر سے سکھ یاتری شریک ہوں گے۔ بھارتی مہمان 19 اپریل کو مذہبی رسومات مکمل کرنے کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔