رمضان المبارک کا آخری عشرہ آج شروع ہوگیا، ملک بھر میں لاکھوں مسلمان اعتکاف میں بیٹھ گئے۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھ گئے، رمضان المبارک کا آخری عشرہ آج شروع ہوگیا جبکہ شب قدر کو تلاش کرنے کے لیے آج 21 ویں شب کو شب بیداری بھی کی جائے گی۔
کراچی میں نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جامع مسجد آرام باغ، جناح مسجد برنس روڈ، گلزار حبیب سولجربازار، فیضان مدینہ سبزی منڈی، تھانوی مسجد جیکب لائن سمیت دیگر مساجد میں معتکفین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ کئی خواتین گھروں میں اعتکاف کریں گی۔ کئی مساجد میں معتکفین کے لیے سحر و افطار کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
رمضان المبارک کے آخری عشرے کے آغاز پر ملک بھر کی طرح لاہورمیں بھی فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھ گئے. عالمگیری بادشاہی مسجد سمیت چھوٹی بڑی مساجد میں معتکفین عبادات الٰہی میں مشغول ہیں۔
منہاج القرآن میں بھی شہر اعتکاف سج گیا جہاں 11 ہزار سے زائد معتکفین عبادات میں مشغول ہیں، تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد، اور داتا دربارمیں بھی 1800 سے زائد افراد اعتکاف کی سعادت حاصل کررہےہیں۔
علاوہ ازیں خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخںجرآزاد کا کہنا ہے اعتکاف قرب الٰہی کا بہترین زریعہ ہیں۔ منتظمین کےمطابق متعکفین کی سحری اور افطاری کے لیےخصوصی انتظامات کیے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر قرآنی درس و تربیتی سیشنز بھی منعقد ہوں گے۔
معتکفین کا کہناہے کہ دنیا سے کٹ کر رب سے جڑنے کے لیے رمضان کا آخری عشرہ مغفرت اور بخشش کا باعث ہے۔ تمام معتکفین شوال کا چاند نظر آنے تک مساجد میں اعتکاف جاری رکھیں گئے۔