واٹس ایپ کا اسپام میسجز روکنے کے لیے بڑا فیصلہ

میٹا کے زیر ملکیت مقبول میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اسپام پیغامات کی روک تھام کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کر دیا۔

کمپنی نے انفرادی صارفین اور کاروباری اکاؤنٹس کے لیے براڈ کاسٹ میسجز کی تعداد کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ایپ کے استعمال کو بہتر اور صارفین کے تجربے کو محفوظ بنایا جا سکے۔

واٹس ایپ کے مطابق اگلے چند ہفتوں میں انفرادی صارفین کے لیے براڈ کاسٹ میسجز کی تعداد کو محدود کرنے کی آزمائش شروع کی جائے گی اور اس کے تحت ہر ماہ صارفین کے لیے براڈ کاسٹ میسجز کی ایک مخصوص حد مقرر کی جائے گی۔

مثال کے طور پر میٹا کی جانب سے ابتدائی طور پر ہر صارف کو ماہانہ 30 براڈ کاسٹ میسجز کی اجازت دی جا سکتی ہے، اگر صارفین اس سے زیادہ افراد تک پیغامات پہنچانا چاہتے ہیں تو انہیں واٹس ایپ اسٹیٹس اپ ڈیٹس یا چینلز کا استعمال کرنا ہوگا۔

دوسری جانب واٹس ایپ بزنس اکاؤنٹس کے لیے بھی اسی طرح کے اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے اور فی الحال بزنس اکاؤنٹس لامحدود براڈ کاسٹ میسجز مفت بھیج سکتے ہیں لیکن مستقبل میں کمپنی ان کے لیے چند اضافی ٹولز کے ساتھ ایک پیڈ ورژن متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

آزمائشی مرحلے کے دوران کاروباری اداروں کو ماہانہ 250 مفت براڈ کاسٹ میسجز کی سہولت دی جائے گی، جبکہ اس سے زائد میسجز کے لیے فیس ادا کرنا ہوگی۔

گزشتہ چند برسوں میں واٹس ایپ بزنس ایپ میٹا کے لیے آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ بن چکی ہے، اسی تناظر میں براڈ کاسٹ میسجز کی پالیسی میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ بزنس ایپ کے لوگو کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ اسے نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں