حکومت مخالف تحریک چلانے میں اپوزیشن اتحاد سنجیدہ نہیں، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عید کے بعد مہنگی بجلی اور آئی پی پیز معاہدوں کے خلاف تحریک چلائیں گے، حکومت مخالف تحریک چلانے میں اپوزیشن اتحاد سنجیدہ نہیں، دنیا بدل گئی شریف فیملی کے شاہانہ طرز عمل میں تبدیلی نہیں آئی ہے، مریم نواز کا سینئر ڈاکٹر سے سلوک تحقیر آمیز تھا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کبھی بھی اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پراقتدار میں نہیں آئی اور نہ آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو مصنوعی طریقے سے نہیں دبانا چاہیے انہیں آزادی دینی چاہیے، بانی پی ٹی آئی اس وقت مظلوم ہیں اورہم ہر مظلوم کے ساتھ ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے آنے کی دعائیں اور آیت کریمہ پڑھ رہے تھے تاکہ بانی پی ٹی آئی باہر آجائیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے ساتھ کیسا ظلم ہوا؟ بھائی وزیراعظم اور بیٹی وزیراعلیٰ ہیں، نواز شریف اپنی سیٹ کی قربانی دے دیتے تو عوام میں مقبول ہوجاتے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک گیر کنونشن کرنے جا رہی ہے، پیٹرول اور بجلی کی قیمت پر جماعت اسلامی ایکشن لے گی، صرف جماعت اسلامی عوام کے مسائل پر ہی بات کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 100 فیصد اسکولوں کو پرائیویٹائز کرنے کی پالیسی کو مسترد کرتا ہوں، آئین میں لکھا ہے میٹرک تک فری تعلیم حکومت کی ذمہ داری ہے، 30 فیصد تو پرائیویٹ سیکٹر تعلیم دے رہا ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا سروے آیا ہے اس میں 60 فیصد اسکول اپ ٹو دی مارک نہیں چل رہے ہیں، سرکاری اسکول ہماری نہیں حکومتی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن تعلیم اور صحت آپ نہ دیں تو پھر حکومت کو چاہیے کہ وہ گھر چلی جائے، تعلیم کسی ایک سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں، ملک میں طبقاتی تعلیم نہیں ہونی چاہیے سب کو یکساں تعلیم ملنی چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنی بیٹی کو سرکاری اسکول میں داخلہ کروائیں، ایم پی اے اور ایم این ایز، اسٹیبلشمنٹ، فوجی افسران اپنے بچے سرکاری اسکولوں میں پڑھائیں تو نظام اچھا ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں