گلیات میں شدید برفباری کے باعث سیاحوں کے داخلے پر پابندی، اسکول بند

ملکہ کوہسار مری، گلیات، وادی کاغان ناران اور آزاد کشمیرک ی وادی نیلم میں شدید برفباری سے بیشتر سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ مری اور گلیات میں سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ ایبٹ آباد گلیات میں شدید برفباری کے باعث نجی و سرکاری تعلیمی ادارے 2 روز کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مری میں شدید برفباری کے باعث سیاحوں کا داخلہ بند کیے جانے کے بعد مقامی افراد کو شناختی کارڈ دیکھ کر مری جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ سترہ میل ٹول پلازہ اور لوئر ٹوپہ سے مری ایکسپریس وے بند کرکے برف صاف کی جا رہی ہے۔

محکمہ ہائی وے کی مشینری تمام رابطہ شاہراہوں کو کلیئر کرنے میں مصروف ہے۔ پھسلن سے بچنے کے لیے نمک چھڑکا گیا ہے، جلد ہی راستوں کو کھول دیا جائے گا۔

گلیات میں بھی سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔ سیاحوں سے گزارش کی گئی ہے کہ گلیات کی جانب غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں تاکہ شدید برفباری کے باعث مشکلات سے بچ سکیں۔

وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں بھی شدید برفباری ہوئی ہے۔ شاہراہ نیلم کئی مقامات سے بند ہونے پر سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔ وادی نیلم کے علاقہ جاگراں میں تیز ہواؤں سے کئی مکانات کی چھتیں اڑ گئی ہیں۔ شوگران، سری پائے، ناران، بٹہ کنڈی بابوسر اور ملحقہ وادیوں میں برفباری جاری ہے جبکہ شاہراہ کاغان بھی بند ہے۔

گلیات میں بھی شدید برفباری کے باعث سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ایبٹ آباد گلیات میں شدید برفباری کے باعث نجی و سرکاری تعلیمی ادارے دو روز کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔

ایبٹ آباد محکمہ ایجوکیشن کی جانب سے چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ جس کے مطابق یونین کونسل بیرنگلی، نگری بالا، نتھیا گلی، تاجوال، پٹن کلاں، کوکمنگ، نملی میرا اور خیرا گلی کے سکولوں کو بند کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں