برطانیہ میں یوکرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے منعقدہ سربراہی اجلاس میں یورپی رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ جنگ جاری رہنے تک یوکرین کو فوجی امداد فراہم کی جاتی رہے گی اور روس پر اقتصادی دباؤ میں اضافہ کیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کے درمیان کشیدگی کے بعد، برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کی میزبانی میں یہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی اور دیگر یورپی ممالک کے سربراہان، نیٹو کے سیکرٹری جنرل، یورپی کمیشن اور یورپی کونسل کے صدور شریک ہوئے۔ اجلاس میں روس-یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششوں اور یورپی دفاع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے بتایا کہ شرکاء نے چار اہم نکات پر اتفاق کیا ہے:
جنگ جاری رہنے تک یوکرین کی فوجی امداد جاری رکھی جائے گی۔
روس پر اقتصادی دباؤ میں اضافہ کیا جائے گا۔
کسی بھی امن مذاکرات میں یوکرین کی شمولیت ضروری ہوگی۔
امن معاہدے کی صورت میں مستقبل میں روسی جارحیت کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
سر کیئر اسٹارمر نے مزید کہا کہ مستقل امن کے لیے یوکرین کی سلامتی اور خودمختاری کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ برطانوی حکومت یوکرین کو یوکے ایکسپورٹ فنانس کے تحت 1.6 ارب پاؤنڈ فراہم کرے گی، جس سے یوکرین 5,000 سے زائد ایئر ڈیفنس میزائل خرید سکے گا۔ یہ میزائل بلفاسٹ میں تیار ہوں گے، جس سے برطانیہ کے دفاعی شعبے میں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ یورپ اور امریکا کو ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا اور یورپ کی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ یہ براعظم امریکا کے ساتھ مل کر کام کرے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ، فرانس اور دیگر ممالک نے جنگ روکنے کے منصوبے پر یوکرین کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے اور اس منصوبے پر امریکا سے بات چیت کی جائے گی تاکہ اسے آگے بڑھایا جا سکے