نادرا کی جانب سے نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی عملدرآمد کمیٹی کے پہلے اجلاس میں نئی حکومتی پالیسی کی روشنی میں رجسٹریشن اور بائیو میٹرک کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا گیا۔
ترجمان نادرا کے مطابق وفاقی حکومت نے نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی فریم ورک کا نوٹیفکیشن یکم جنوری 2025 کو جاری کیا۔
اس انقلابی اقدام کا مقصد رجسٹریشن اور بائیومیٹرک کے موجودہ نظام کی خامیوں کو دور کرنا ہے، خامیوں کی وجہ سے اندراج کی کمی، ڈیٹا میں تضادات، شناخت کی چوری اور جعلی اندراج کے خدشات پیدا ہوتے ہیں۔
صوبوں کے سول رجسٹریشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم کو نادرا کے ڈیٹابیس کے ساتھ ضم کیا جا رہا ہے، اسی طرح یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک معلومات کے حصول اور تصدیق کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس میں ڈیجیٹل آئی ڈی متعارف کرائی جائے گی، رجسٹریشن نظام سے وابستہ اداروں میں اشتراک کو فروغ ملے گا۔
چیئرمین نادرا کی زیرقیادت قومی عملدرآمد کمیٹی اسٹریٹجک رہنمائی کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کام کر رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ فریم ورک گورننس کے اقدامات پر عملدرآمد اور شناخت و تصدیق کے محفوظ و آسان طریقوں میں اپنا کردارادا کرے گا۔
اجلاس میں مختلف وزارتوں اور اداروں کی قیادت، صوبائی آئی ٹی بورڈز اور سینئرافسران نے شرکت کی۔
ترجمان نادرا کا کہنا تھا کہ نادرا کی جانب سے شہریوں سے فریم ورک پر آراء جمع کرانے کی درخواست، مسودہ ویب سائٹ پر دستیاب ہےعملدرآمد کمیٹی پالیسیوں کو حتمی شکل دے کر 30 مئی تک وفاقی حکومت کو جمع کرائے گی۔