کوئٹہ: کان میں دھماکے کے بعد نکالی گئی 4 لاشوں کی شناخت ہوگئی

کوئٹہ کے نواحی علاقے سنجدی میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے بعد نکالی گئی چار لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے۔

کوئٹہ میں سنجدی کی متاثرہ کوئلے کی کان میں گذشتہ روز گیس بھرنے اور دھماکے سے کان منہدم ہوگئی تھی، جس کے باعث 12 کان کن اندر پھنس گئے تھے۔

ریسکیو آپریشن کے دوران کان سے چار لاشیں نکالی گئیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق چاروں کان کنوں کا تعلق سوات سے تھا۔ جاں بحق کان کنوں کی شناخت عمر ولی، اظہر دین، نعمان سعید ولد نور البہار اور نظام اللہ ولد محمد یوسف کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق لاشیں دو ہزار فٹ گہرائی سے نکالی گئیں، جبکہ دیگر آٹھ مزدور چار ہزار دو سو فٹ گہرائی میں پھنسے ہیں، جن کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

چیف مائنز آفیسر عبد الغنی بلوچ کے مطابق سنجدی میں گیس بھر جانے سے دھماکے سے منہدم ہونے والے کان میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جس میں بلوچستان مائنز، پی ڈی ایم اے ، رضا کار تنظیمیں آپریشن میں مصروف ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 8 کان کنوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن گزشتہ 20 گھنٹے سے جاری ہے، متاثرہ کان کنوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، کان کنوں کے زندہ بچ جانے کے امکانات کم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں