قومی شناختی کارڈ بنوانا ایک مشقت والا کام ہے اس میں آسانی کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے وقتاً فوقتاً آسانیاں پیدا کرنے کی کوششیں تو کی ہیں لیکن نادرا کے ابتدائی دفاتر سے لے کر نادرا میگا سینٹرز تک چلنے والا یہ سلسلہ عوام کی قطاریں ختم نا کرسکا۔
ان قطاروں کے خاتمے کے لیے وقت کے ساتھ ساتھ نادرا اپنے نظام میں جدت لانے کی کوشش کرتا رہتا ہے اور اسی سلسلے میں اسلام آباد میں کامیاب تجربے کے بعد اب کراچی میں بھی شناختی کارڈ بنوانے کے لیے خودکار مشینیں نصب کی جائیں گی۔
شناختی کارڈ کی تجدید ہو یا گمشدہ شناختی کارڈ کا حصول یا پھر فارم ب بنوانا ہو، اب لمبی قطاروں میں لگنے کی ضرورت نہیں رہی بلکہ خودکارمشین اور شہری اس عمل کو چند منٹوں میں پورا کریں گے۔
نادرا کےمطابق اب شہری خودکار مشین کو بنیادی معلومات فراہم کریں گے، جیسا کہ بائیومیٹرک کروانے اور تصویر نکالنے جیسے بنیادی مراحل طے کرنے کے بعد ارجنٹ یا نارمل کے آپشن کا انتخاب کرنے کے بعد ایک کیوآرکوڈ موصول ہوگا جس کے ذریعہ آپ فیس ادا کر پائیں گے۔
نادرا کےمطابق یہ سارا عمل ایک مشین اور انسان کے درمیان ہوگا، جس کے 15 یا 30 یوم کے بعد شناختی کارڈ آپ کو موصول ہو جائے گا، نادرا کی خودکار مشینیں نادرا میگا سینٹرز کراچی کے ریلوے اسٹیشنز، ائیرپورٹ، شاپنگ مالز، تعلیمی اورسرکاری اداروں میں نصب کیے جانے کا امکان ہے۔
نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمار حیدر کے مطابق یہ سہولت بہت جلد کراچی میں شروع کردی جائے گی جو پبلک مقامات پر دستیاب ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ نادرا کا خودکار ’کیوسک‘ آپ سے معلومات لے گا اور دیے گئے مراحل کو پورا کرنے کے بعد کیو آر کوڈ کی ایک رسید دے گا، جس کےذریعے آپ جاز کیش یا ایزی پیسا کی مدد سے رقم ادا کر سکیں گے، رقم کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ سے بھی جمع کرائی جا سکے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں پہلے مرحلے میں نادرا میگا سینٹرز میں یہ سہولت فراہم کی جائے گی جس کے بعد اسے دیگر عوامی مقامات تک بھی پھیلایا جائے گا۔