کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ (کیپکو) نے کراچی کے لیے سستی بجلی مہیا کرنے کی پیشکش کردی۔
کیپکو کی جانب سے کراچی میں بجلی فراہمی کے ادارے کے الیکٹرک کو 9 روپے 80 پیسے فی یونٹ بجلی فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے
کمپنی نے یہ پیشکش باضابطہ طور پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک خط کے ذریعے کی جس میں سستی شمسی توانائی فراہم کرنے کے اپنے عزم کو اجاگر کیا۔
خط میں کہا گیا کہ یہ پیشکش ڈالر کے مقابلے میں 288.65 روپے کی شرح تبادلہ پر مبنی ہے۔ کیپکو کے مطابق شمسی توانائی کے منصوبے پر بجلی کی فی کلو واٹ لاگت 3.4 امریکی سینٹس ہوگی۔
کیپکو نے اپنے خط میں یہ بھی بتایا کہ وہ کراچی کے جنوبی ضلعے میں واقع ’دیہہ ہلکانی‘ میں سولر انرجی پروجیکٹ قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ تاہم نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے حتمی منظوری ملنے کے بعد مذکورہ منصوبے پر کام شروع ہوگا۔