غزہ کی صورتحال سے متعلق 8 عالمی امدادی تنظیموں نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں انسانی صورتحال کو بہتر بنانے میں ناکام رہا ہے۔
8 عالمی امدادی تنظیموں نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں انسانی صورتحال کو بہتر بنانے میں ناکام رہا، اسرائیلی اقدامات سے شمالی غزہ میں صورتحال ڈرامائی طور پر خراب ہوئی، شمالی غزہ میں غذا کی قلت ہے، انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔
عالمی امدادی تنظیموں نے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ امریکی وزیرخارجہ اور وزیردفاع نے اسرائیل کو غزہ میں انسانی صورتحال بہتر بنانے کا کہا تھا۔
امریکی وزیرخارجہ اور وزیردفاع کی جانب سے اسرائیل کو غزہ میں صورتحال کی بہتری کے لیے ایک ماہ کی ڈیڈلائن دی گئی تھی۔
غزہ اور لبنان میں اسرائیل کے حملوں میں مزید 86 فلسطینی شہید
دوسری جانب غزہ اور لبنان میں اسرائیل کی دہشت گردی جاری ہے، غزہ میں تازہ حملوں میں مزید 86 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق نصیرات پناہ گزین کیمپ پر بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت 30 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر بمباری سے 33 افراد شہید ہوئے، اس کے علاوہ رات گئے دیرالبلاح اور شمالی غزہ میں 18 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
ادھر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بیروت کے مضافات میں بمباری سے مزید 28 لبنانی شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، 24 گھنٹوں میں شہدا کی تعداد 54 ہوگئی۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے جنوبی علاقوں پر 12 فضائی حملے کیے گئے، شدید بمباری سے علاقے میں دھواں چھا گیا۔
لبنانی گاؤں ہالچمے میں 8 اور ماؤنٹ لبنان میں 6 شہری شہید ہوئے، پناہ گزینوں کی رہائش گاہ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل پر راکٹ داغنے کا سلسلہ بھی جاری ہے تازہ ڈرون حملے میں 2 اسرائیلی شہری ہلاک ہوگئے۔