جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 5 خارجی ہلاک، 4 جوان شہید

جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 5 خارجی دہشتگرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے جنوبی وزیرستان کے علاقہ کراما میں آپریشن کیا گیا جس کے دوران فورسز اور خوارج میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 5 خارجی دہشتگرد جہنم واصل ہوئے جبکہ آپریشن کے دوران 4 جوان بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار طیب شاہ اور لانس نائیک گلاب زمان شہید ہوئے جبکہ لانس نائیک مزمل محمود اور لانس نائیک حبیب اللہ بھی شہید ہونیوالوں میں شامل ہیں۔

علاقے میں مزید خارجیوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کیخلاف ہمارا عزم مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وزیر اعظم کا فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سےسیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اپنے خصوصی پیغام میں شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کے 4 جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے اہلخانہ کے لیے صبر واستقامت کی دعا کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے نڈر جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک سےدہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں سے جنگ جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں