اسلام آباد میں قیدیوں کی وینز پرحملہ، 2 مفرور پی ٹی آئی ایم پی ایز سمیت تمام قیدی دوبارہ گرفتار

سنگ جانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کی تین گاڑیوں پر مسلح افراد نے حملہ کیا جس دوران تحریک انصاف کے 2 رکن صوبائی اسمبلی سمیت متعد د قیدی فرار ہوئے تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے قیدی وینز کے شیشے توڑ دیئے ، وینز میں 80 قیدی موجود تھے ، جنہیں عدالت میں پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا کہ سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب ملزمان نے قیدی وینز پر حملہ کیا اور قیدیوں کو چھڑانے کی کوشش کی لیکن پولیس کی بر وقت کارروائی سے تمام ملزمان کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدی وینز پر حملہ ملک لیاقت علی کے بیٹے نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے کیا ، قیدی وینز میں کے پی کے کے معاون خصوصی بہبود آبادی ملک لیاقت موجود تھے ، ارکان صوبائی اسمبلی انور زیب اور یاسر قریشی بھی قیدی وین سے فرار ہوئے ۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملک لیاقت اور اس کے بیٹے کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے ۔

ترجمان اسلام آباد پولیس

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس82 قیدیوں کوعدالت پیشی کےبعداٹک جیل منتقل کررہی تھی کہ اس دوران 4 ڈالوں میں سوار ملزمان نے سنگجانی ٹول پلازہ کے نزدیک قیدی وینوں پر حملہ کردیا، ملزمان اسلحہ، ڈنڈے سوٹوں اور پتھروں سے لیس تھے۔ملزمان کے حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی جبکہ 3 حملہ آور وں کو گرفتار کر لیاگیا۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں، تمام تر صورت حال کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی شروع کردئیے ہیں۔حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں