بھارتی خاتون کے پیٹ سے ڈاکٹروں کی چھوڑی گئی قینچی کئی سالوں بعد نکال لی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست سکم میں ایک خاتون اپینڈکس کا آپریشن کروایا اور ڈاکٹر مریضہ کے پیٹ میں قینچی بھول گئے،خاتون ایک دہائی سے زائد عرصے تک اس تکلیف میں مبتلا رہیں اور کئی ڈاکٹر اس کی وجہ معلوم کرنے میں ناکام رہے۔
رواں ماہ کے شروع میں انکشاف ہوا 45 سالہ خاتون کے پیٹ میں سرجیکل قینچی موجود ہے جو 2012 میں اپینڈکس کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹروں نے چھوڑ دی تھی۔
خاتون کے شوہر نے بتایا کہ ان کا 2012 میں گنگٹوک کے سر تھوٹوب نمگیال میموریل اسپتال میں آپریشن ہوا تھا اور اس کے بعد ان کے پیٹ میں مسلسل درد رہتا تھا، بہت سے ڈاکٹروں کو دکھایا جنہوں نے انہیں دوا دی، لیکن درد ختم نہیں ہوتا تھا۔
8 اکتوبر کو وہ دوبارہ اسی اسپتال گئیں جہاں ایکسرے میں معلوم ہوا کہ ان کے پیٹ میں قینچی ہے۔
طبی ماہرین کی ایک ٹیم نے قینچی کو نکالنے کے لیے فوری طور پر سرجری کی قینچی کو باہر نکالا، جس کے بعد خاتون تیزی سے صحتیاب ہو رہی ہیں۔