ریاض انٹرنیشنل بک فیئر 2024، ’الریاض پڑھتا ہے‘ کے سلوگن کے تحت، اپنی معیاری، پرکشش اور متنوع سرگرمیوں کی وجہ سے عوام میں زبردست پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔ یہ نمائش ان دنوں کنگ سعود یونیورسٹی کے احاطے میں جاری ہے۔ ہفتہ کے اختتام کے ساتھ ساتھ، اس کے دوسرے دن ہی شائقین کی بڑی تعداد نے اس نمائش میں شرکت کی۔ یہاں کا علمی و ثقافتی ماحول، جو قیمتی اور دلچسپ تجربات سے بھرپور ہے، نمائش دیکھنے والوں کو علم اور مطالعے کی دنیا میں خوشگوار لمحات فراہم کر رہا ہے۔
ریاض انٹرنیشنل بک فیئر 2024 میں 30 ممالک کے 2000 اشاعتی ادارے شریک ہیں، جو مختلف موضوعات، ثقافتوں اور فکری تخلیقات پر مشتمل کتابوں اور مواد کے ساتھ موجود ہیں۔
کتاب میلے میں شریک ہونے والوں کو یہاں متنوع اور دلچسپ مواد پڑھنے کو مل رہا ہے، یوں نمائش کی اہمیت دوچند ہوگئی ہے۔ نمائش کے مختلف حصے اور سرگرمیاں شرکا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ عوام کی دلچسپی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، حالانکہ نمائش ابھی شروع ہوئی ہے۔ 10 روزہ ریاض انٹرنیشنل بک فیئر 5 اکتوبر کو اختتام پذیر ہوگا۔
ادب، ترجمہ اور اشاعت کی اتھارٹی، جو اس اہم عالمی ثقافتی ایونٹ کی منتظم ہے، نے زائرین، نمائش کنندگان، مہمانوں اور شرکا کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے بھرپور وسائل اور افرادی قوت وقف کر رکھی ہے، تاکہ نمائش کا انتظام اعلیٰ معیار کے ساتھ کیا جا سکے اور سب کو فکری وعلمی غذا فراہم ہو۔ اس ایونٹ کو ایک معلوماتی اور تفریحی تجربہ بنایا گیا ہے جہاں شرکا کو مختلف موضوعات اور ثقافتوں کی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ریاض انٹرنیشنل بک فیئر 2024 میں خصوصی دلچسپی کا مرکز (مصنفین کی کتابوں کی دستخطی تقریب) رہی، جہاں زائرین نے اپنے پسندیدہ مصنفین کی نئی کتابوں کی پہلی کاپیاں دستخط شدہ حاصل کیں۔ مصنفین کے ساتھ ملاقات اور ان کے نئے فکری کاموں پر تبادلہ خیال زائرین کے لیے ایک یادگار لمحہ رہا۔
نمائش کے تھیٹر میں نامور مفکرین، ادیبوں، کاروباری رہنما اور سماجی شخصیات نے مختلف موضوعات مثلاً ادب، ثقافت، فن، معیشت، اور سماجی مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اسی دوران ورکشاپ ایریا اور بچوں کی بھی متنوع اور مفید سرگرمیاں منعقد ہوئیں، جن کا مقصد علمی وفکری ذخیرے کو بڑھانا اور بہترین تجربات کا تجزیہ ومطالعہ تھا۔
ریاض انٹرنیشنل بک فیئر 2024 کے بیرونی احاطے میں قطری عوامی ثقافتی ٹیموں نے روایتی رقص اور فنون کا مظاہرہ کیا، جس نے زائرین کو محظوظ کیا اور انہیں روایتی ثقافت سے روشناس کرایا۔ قطری فنکاروں کا شاندار پرفارمنس، زائرین کی بھرپور تالیوں اور داد کے ساتھ سراہا گیا۔