وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان ٹیلی وژن میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لانے کا منصوبہ پیش کرتے ہوئے کم ریٹنگ والے 25 شوز کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی وی کے لیے نئی پالیسی بنائی جا رہی ہے جو کھلے پن، پروفیشنلزم اور تعمیری تنقید کو فروغ دے گی۔
عطاء اللہ تارڑ نے پی ٹی وی میں سفارشی کلچر، نااہلی اور جعلی خبروں کے خاتمے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ‘ آپریشن کلین اپ’ کا صرف آغاز ہے۔ انہیں مفاد پرستوں اور مافیاز کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ پی ٹی وی کو تبدیل کرنے کے اپنے مشن پر قائم ہیں۔
وزیر اطلاعات نے پروفیشنل اینکرز اور پروڈیوسرز کی بھرتی کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جعلی اور نااہل عملے کو گھر بھجوا دیا جائے گا۔ انہوں نے پی ٹی وی کی پروگرامنگ کو بہتر بنانے کے لیے متعدد ماہرین کی بھی خدمات لی ہیں جس کا مقصد پی ٹی وی کے پروگراموں کو نجی ٹی وی چینلز کے مقابلے پر لانا ہے۔
عطاء تارڑ نے پی ٹی وی پر چلنے والے ٹاک شوز کی ریٹنگ سے متعلق بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسی میں تبدیلی لائی گئی ہے تاکہ کھلے پن کی اجازت دی جائے اور حکومت پر تنقید کی جا سکے۔ جو لوگ اس تبدیلی کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں، انہوں نے ان کے خلاف بھی ایکشن لینے کا عندیہ دیا۔
عطاء تارڑ کا منصوبہ ہے کہ مارکیٹنگ اور سیلز پر توجہ دے کر پی ٹی وی کے شوز کو منافع بخش اور متحرک بنایا جائے اور اس کا آغاز آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی کامیاب کوریج سے کیا جائے گا۔