محکمہ پاسپورٹ اور امیگریشن پاسپورٹ جاری کرنے میں نمایاں تاخیر سے دوچار ہیں جس سے 5لاکھ سے زیادہ درخواست دہندگان متاثر ہو رہے ہیں۔ لاکھوں میں فیس جمع کرانے کے باوجود نارمل اور ارجنٹ دونوں پاسپورٹوں کو 2 ماہ تک کی تاخیر کا سامنا ہے۔
روزانہ صرف 25ہزار پاسپورٹوں کی پروسیسنگ کی گنجائش کے باوجود، ملک کے بگڑتی ہوئے معاشی حالات کی وجہ سے درخواستوں میں اضافے سے محکمہ پاسپورٹ مغلوب ہو چکا ہے۔ اس وقت صرف ایک ہفتے کے اندر فاسٹ ٹریک پاسپورٹ جاری کیے جا رہے ہیں جن کی فیس 20ہزار سے 27ہزار روپے کے درمیان ہے۔
پچھلی تاخیر کی وجہ پاسپورٹ کی سیاہی اور لیمینیشن پیپر کے مسائل تھے، جو اب حل ہوچکے ہیں۔ تاہم، محکمہ کی پیداواری صلاحیت زیادہ مانگ کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہے۔
اس سلسلے میں پاسپورٹ اور امیگریشن کے ڈائریکٹر جنرل مصطفیٰ جمال قاضی نے کہا کہ جدید پرنٹنگ مشینوں کے ٹینڈر تقریباً مکمل ہوچکے ہیں، نئے آلات کے اکتوبر تک پہنچنے کی توقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان مشینوں کے حصول میں تاخیر کی وجہ خصوصی ٹیکنالوجی پر عمل درآمد تھا، جس کے باعث حفاظتی خصوصیات اور سخت قوانین میں اضافہ کیا گیا۔
تاہم، انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ نئی مشینری کی آمد سے پاسپورٹ پراسیسنگ میں موجودہ تاخیر کا ازالہ ہو جائے گا، اور کم وقت میں زیادہ سے زیادہ پاسپورٹ تیار کیے جائیں گے۔