نیشنل کمیپوٹرایمرجنسی رسپانس ٹیم نے بھی ملک بھر میں اے ٹی ایم اور آن لائن لین دین کی بندش سے متعلق افواہوں کی تردید کردی۔
نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی طرف سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق اسٹیٹ بینک اور دیگر کی چھان بین کے مطابق ایسا کوئی واقعہ ہوا ہی نہیں۔ ملک میں بینکنگ انفراسٹرکچر مکمل طور پر فعال ہے۔
اعلامیے کے مطابق سائبر ٹیمیں مالیاتی اداروں کی سیکیورٹی کی نگرانی کررہی ہیں۔ ایڈوائزری کا مقصد شہریوں میں ابہام اور بے یقینی ختم کرنا ہے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ عوام اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت اپنے اردگرد ماحول کا سختی سے مشاہدہ کریں، اپنی مالی معلومات، پن، پاس ورڈز، یوزر آئی ڈی اور او ٹی پیز کسی غیر متعلقہ شخص سے شیئر نہ کریں،کسی بھی مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے پرہیز کریں، اپنے مالی تحفظ کے لیے سرکاری ذرائع اور تصدیق شدہ معلومات پر بھروسہ کریں
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں رقم کی ادائیگی کے بڑے پلیٹ فارم ون لنک نے سوشل میڈیا پر زیر گردش رپورٹس کی تردید کی تھی کہ سائبر حملے کے باعث 2 سے 3 روز تک اے ٹی ایمز بند رہیں گے۔
قبل ازیں اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صارفین مشکوک آن لائن لنک پر کلک کریں نہ ذاتی معلومات شیئر کریں۔ صارفین آن لائن بینکنگ سیشن استعمال کے فوری بعد لاگ آؤٹ کریں، بینک صارفین اپنے اکاؤنٹ کی اسٹیٹمنٹ کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔