فوڈ اے جی نمائش گزشتہ سے تین گنا زائد1.2 بلین ڈالر کے سودوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی،زبیر موتی والا

ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ دوسری بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر ایگزیبیشن (فوڈ اے جی 2024) 1.2 بلین امریکی ڈالر سے زائد کے سودوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی ہے جو پچھلی نمائش کے 430 ملین ڈالر کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز نمائش کے آخری روز ایکسپو سینٹر میں سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس کامیابی پر ٹڈاپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور یہ کسی بھی شعبے میں نمائش کے مقابلے میں ابتک کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔زبیر موتی والا نے کہ ایک ہزار سے زائد مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بھی ہوئے۔
ٹڈاپ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ 1.2 بلین ڈالر کے تخمینہ برآمدی آرڈرز اس تقریب کی افتتاحی تقریر میں وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے مقرر کردہ ہدف کو پورا کرنے میں مدد دیں گے۔ مزید برآں دسمبر میں لاہور میں شیڈول فوڈ ایج مینوفیکچرنگ نمائش ویلیو ایڈیشن اور مشینی فارمنگ میں معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں حالیہ ترقی ملک میں اگلا سبز انقلاب لائے گی۔پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا ہے کہ تین روزہ ایونٹ میں 75 ممالک سے 800 سے زائد خریداروں نے شرکت کی،330 برآمد کنندگان نے ایونٹ میں تقریبا 500 سے زائد مصنوعات کی نمائش کی۔ بین الاقوامی چین اسٹورز، خریداروں اور ایم این سیز نے نمائش کا دورہ کیا۔ سب سے زیادہ شرکت چین سے ہوئی جس میں 150 سے زائد خریدار شامل تھے۔
غیر ملکی مندوبین کی سہولت کے لئے غیر ملکی خریداروں اور نمائش کنندگان کو بی ٹو بی نیٹ ورکنگ کا موقع فراہم کیا گیا۔7ہزار بی ٹو بی اجلاسوں کے نتیجے میں چین، ملائیشیا، مصر، قازقستان، روس، سری لنکا، گیمبیا اور فرانس کی جانب سے چاول، پروسیسڈ فوڈ، سی فوڈ، کینو، آلو، دال، چنے، آم، کنفیکشنری، گوشت، خوراک اور مشروبات، مصالحے، اناج اور تیل کے بیجوں میں 36 سے زائد مفاہمت نکے یاداشتو پر دستخط کیے گئے۔ سمندری خوراک کے شعبے میں پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان 35 ملین امریکی ڈالر کے برآمدی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ ایچ وی اے (ڈیری میں سرمایہ کاری) اور بولینٹا (نیدرلینڈز سے آلو کے بیجوں میں سرمایہ کاری، چین سے ہوئییوان بیوریجز اینڈ فوڈ گروپ اور قطر سے میٹاس) کی جانب سے بہت سے ایم او یوز شامل ہیں۔
ٹڈاپ نے پاکستان سے معیاری برآمدات کو فروغ دینے کے لئے غیر ملکی مندوبین کے فیکٹری دوروں کا اہتمام کیا۔ ملائیشیا کے وفد نے فش ہاربر کراچی اور پی ایس ایم اے سندھ آفس کا دورہ کیا۔ مصر، تاجکستان اور ملائیشیا کے وفود نے ٹاٹا فوڈز کا دورہ کیا، ملائیشین محکمہ برناس، ڈی جی ایم اے کیو آئی ایس، ڈیپارٹمنٹ آف ویٹرنری سائنسز نے بھی برآمدی آرڈرز کو حتمی شکل دینے کے لیے فیکٹری کے دورے میں شرکت کی۔ جاپانی اور ملائیشین مندوبین نے رحمت شیریں کا دورہ کیا، اردن اور مصر کے مندوبین نے نامیاتی گوشت کا دورہ کیا، ارجنٹائن، پیرو اور یوراگوئے کے مندوبین نے کے کے رائس مل کا دورہ کیا۔
ٹڈاپ کی جانب سے Global Cuisine Show کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ دنیا بھر کے باورچیوں نے خاص طور پر پاکستانی اجزاء سے تیار کردہ ان غیر معمولی پکوانوں کو تیار کیا ہے جس نے بلاشبہ اس ایونٹ کے اہمیت میں اضافہ کیا۔تقریب میں چین، قبرص، تیونس، جنوبی افریقہ، ترکی، مالدیپ، سنگاپور، بحرین، آذربائیجان، رومانیہ، ملائیشیا، شمالی قبرص اور مصر سے تعلق رکھنے والے وفود کے علاوہ میڈیا کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے معروف فوڈ بلاگر، پریزنٹر، فلم ساز اور پروڈیوسر مسٹر نادر کے نام سے مشہور ہوبرٹ سیپڈنام بھی اس شو کا حصہ تھے۔ وسیم بادامی اور بہروز سبزواری سمیت انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
پاک چائنا ایگری انویسٹمنٹ کانفرنس اور پاک افریقہ انویسٹمنٹ کانفرنس اہم سائیڈ لائن سرگرمیاں تھیں۔ پاک چین سرمایہ کاری کانفرنس 10 اگست کو منعقد ہوئی جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینا تھا۔ اجلاس کا آغاز چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کے تبصرے سے ہوا جس کے بعد چین میں پاکستان کے کمرشل سیکشن کی جانب سے پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا جس میں چین اور پاکستان کی کمپنیوں نے آبی زراعت، گوشت، پروسیسڈ فوڈ اور زراعت کے دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔نتیجہ خیز ملاقاتوں کے سلسلے میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے سری لنکا، ویتنام، بیلجیئم، مصر، قطر، انڈونیشیا، افغانستان، ملائیشیا، روس، یوگنڈا، نیدرلینڈز، ای اے سی اور جنوبی افریقہ کے وفود سے بات چیت کی۔
تبادلہ خیال میں مختلف اقدامات کے ذریعے دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے اور اہم امور کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ زرعی برآمدات میں اضافے، حلال مصنوعات کی منڈیوں کی ترقی اور تجارتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ تمام فریقین نے مستقبل کے تعاون کے بارے میں امید کا اظہار کیا اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور نئے مواقع تلاش کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کا عہد کیا۔ایف پی سی سی آئی نے بھی اس تقریب میں شرکت کی اور اپنے غیر ملکی ہم منصبوں اور تاجروں کے ساتھ وسیع تر مذاکرات کیے۔
دیگر ٹریڈ ایسوسی ایشنز نے بھی شو کے دوران غیر ملکی خریداروں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ آئیوری کوسٹ چیمبر، کینیا چیمبر آف کامرس (کے این سی سی آئی)، روسی وفد اور جرمنی چیمبر نے پاکستانی ہم منصبوں سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر کے سی سی آئی کا ادیس چیمبر کے ساتھ اجلاس اور مفاہمتی یادداشت کی تقریب بھی اختتام پذیر ہوئی۔ جرمنی کے نمائندوں نے ریپ اینڈ ڈیری ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کی، پاکستان کی خواتین تاجروں کے وفد نے ایتھوپیا ویمن چیمبر آف کامرس سے ملاقات کی۔ یوگنڈا ایکسپورٹ پروموشن اور کینیا کے وفد کی پاکستان ٹی ایسوسی ایشن سے ملاقات کی ۔13 ریگولیٹری اتھارٹیز کے نمائندوں نے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی اور ایس پی ایس اور قرنطینہ کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس ایونٹ نے پاکستان کے ریگولیٹری اتھارٹیز بشمول پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ، اینیمل کورنٹائن ڈپارٹمنٹ، وزارت نیشنل فوڈ اینڈ سیکیورٹی، میرین فشریز ڈپارٹمنٹ، پاکستان حلال اتھارٹی اور پاکستان اسٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کو حفاظتی معیارات کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کی۔خوراک اور زراعت کی نمائش کے دوسرے ایڈیشن کی سائیڈ لائن سرگرمیوں کے ایک حصے کے طور پر 11 اگست کو “افریقہ میں کاروباری مواقع” کے موضوع پر ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت وزارت خارجہ میں افریقہ کے سابق ڈائریکٹر جنرل اور روانڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر سفیر نعیم خان نے کی۔
کانفرنس کے شرکاء کے درمیان ایک انٹرایکٹو سیشن تھا جس میں خوشگوار کاروباری تعلقات کی حوصلہ افزائی کی گئی اور تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری مواقع پر روشنی ڈالی گئی۔ نمائش کے 3 روزہ اجلاس میں چاروں صوبائی سرمایہ کاری بورڈز کے سربراہان نے شرکت کی۔ اس تقریب کا ایک اہم پہلو صوبائی حکومتوں کی جانب سے اعلیٰ سطح کی دلچسپی کا اظہار تھا جہاں غیر ملکی مندوبین کو کارپوریٹ فارمنگ، ماہی گیری اور آبی زراعت، گوشت، پروسیسڈ فوڈ، پھلوں اور سبزیوں میں ویلیو ایڈیشن میں سرمایہ کاری لانے کی ترغیب دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں