پیرس اولمپکس میں 118سالہ پرانا ریکارڈ توڑ کر انفرادی طور پر گولڈ میڈل حاصل کرنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کے لیے حکومت پاکستان، صوبائی حکومتوں، اداکاروں سمیت کئی شخصیات نے انعامات دینے کا اعلان کیا، بڑی تعداد میں اسپانسرز نے ان کے ساتھ کام کرنے کی بھی آفردی۔ تاہم ان کے اس کارنامے کے بعد سے اب تک ان کو کتنے انعامات سے نوازا جائے گا تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ارشد ندیم کے لیے سول ایوارڈ ہلال امتیاز کا اعلان
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ارشد ندیم کے لیے سول ایوارڈ ہلال امتیاز دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ 14 اگست جشن آزادی کی مناسبت سے ان کی خصوصی تصویر والا عزم استحکام ڈاکٹ ٹکٹ جاری کیا جاچکا ہے۔
حکومت پنجاب کا 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان
حکومت پنجاب کی جانب سے قومی ہیرو ارشد ندیم کو 10 کروڑ روپے بطور انعام دیا گیا، اور ان کے نام سے منسوب اسپورٹس سٹی بنانے کا بھی اعلان کیا گیا۔
سندھ حکومت نے 5کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا
سندھ حکومت نے ارشد ندیم کے لیے 5کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ارشد ندیم کے نام سے کراچی میں اسپورٹس اکیڈمی کھولنے کا اعلان کیا۔
50ہزار ڈالر ورلڈ ایتھلیٹکس نے دیے
ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن کی جانب سے پاکستان کے ارشد ندیم کو 50ہزار ڈالر کی انعامی رقم ملے گی، جوکہ پاکستانی ایک کروڑ 40 لاکھ روپے تک ہوگی۔
اے آر وائے کی جانب سے لگژری فلیٹ اور یوبی ایل نے نقد 50لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا
اے آر وائی میڈیا گروپ کے سی ای او سلمان اقبال کی جانب سے ارشد ندیم کو اے آر وائی لگونا میں لگژری فلیٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ نجی بینک یو بی ایل نے 50 لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان کیا۔
ٹویوٹا کرولا کراس ہائبرڈ الیکٹرک کار کے تحفے کا اعلان
ٹویوٹا موٹرز کی جانب سے ارشد ندیم کو ان کی متزلزل لگن اور اولمپکس میں پاکستان کے لیے فخر کا باعث بننے پر ٹویوٹا کرولا کراس ہائبرڈ الیکٹرک کار کے تحفے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کھلاڑی احمد شہزاد اور بزنس مین علی شیخانی اور کے الیکٹرک نے بھی اعلان کیا
کراچی الیکٹرک نے 20 لاکھ روپے، کرکٹر احمد شہزاد نے 10 لاکھ، پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین اور سماجی شخصیت علی شیخانی نے ابتدائی طور پر اولمپیئن کو ایک نئی آلٹو کار کا تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
گورنر پنجاب 20 لاکھ روپے دیں گے
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ارشد ندیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام جبکہ قومی ہیرو کو گورنر ہاؤس مدعو بھی کیا گیا۔
میئر سکھر ارشد ندیم کو سونے کا تاج پہنائیں گے
سکھر کے میئر نے کہا کہ ارشد ندیم کو سونے کا تاج پہنایا جائے گا، اور ان کے نام سے منسوب اسٹیڈیم قائم کیا جائے گا۔ ایک نجی ٹی وی چینل نے بھی ارشد ندیم کو 10لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
علی ظفر نے 10لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا
عالمی شہرت یافتہ گلوکارعلی ظفر نے ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے 10 لاکھ روپے رقم بطورِ انعام دینے کا اعلان کیا۔
گلوکار نے حکومت پاکستان سے ارشد ندیم کے نام پر اسپورٹس اکیڈمی قائم کرنے کی اپیل بھی کی۔
عمرہ اور زندگی بھر فری پیٹرول
پیرس اولمپکس میں ریکارڈ ساز کارکردگی پر چیئرمین ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو اہل خانہ سمیت عمرہ کروانے کا اعلان کیا ہے، جبکہ پاکستان گیس اینڈ آئل نے زندگی بھر کے لیے مفت پیٹرول دینے کا اعلان کررکھا ہے۔
سسر نے بھینس تحفے میں دے دی
ارشد ندیم کے سسر محمد نواز نے اپنے داماد کے گولڈ میڈل جیتنے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا، اور انہیں گولڈ میڈل جیتنے پر ایک بھینس تحفے میں دینے کا اعلان کیا ہے۔