9 اگست کو پلانٹ فار پاکستان ڈے منایا جائے گا : ڈاکٹر خرم شہزاد

گجرات(نمائندہ خصوصی) حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 9 اگست کو پلانٹ فار پاکستان ڈے منایا جائے گا، اس روز تینوں تحصیلوں میں مجموعی طور پر 75 ہزار پودے لگائے جائیں گے،14 اگست کو بھی ضلع بھر میں 68 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔ یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز توقیر الیاس چیمہ، ظہیر لیاقت، اسسٹنٹ کمشنرز محمد جمیل، فیصل مانگٹ، ڈی ایم او فہد اعجاز بٹ، ڈی ایچ او ڈاکٹر ایاز ناصرڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر جواد رضوی اور ٹائیگر فورس کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا کہ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کی زیر نگرانی تینوں تحصیلوں میں 25,25 ہزار پودے لگائے جائیں گے، شجرکاری کی اس مہم میں بلدیاتی اداروں، محکمہ صحت، ایجوکیشن سمیت سرکاری محکموں کے افسران و ملازمین اور ٹائیگر فورس کے رضاکار اور مختلف شعبہ زندگی کے افراد حصہ لیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ14 اگست یوم آزادی کے موقع پر بھی ضلع بھر میں شجر کاری کی جائے گی،شجر کاری کی دونوں مہمات میں مقامی ماحول سے ہم آہنگ پودے لگانے کو ترجیح دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ہدایت کی کہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے اور لگائے جانے والے پودوں کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنانے کیلئے جامع پلان وضع کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں