غزہ کے التابین اسکول پر اسرائیل کا حملہ، پاکستان کا اظہار مذمت

پاکستان نے غزہ کے التابین اسکول پر اسرائیل کی فوج کے حملے کی مذمت کی ہے جہاں 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے التابین اسکول پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے، اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 100 سے زائد شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کو پناہ دینے والے اسکول پر حملہ ہولناک، غیر انسانی اور بزدلانہ فعل ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ شہری آبادیوں اور سہولیات کونشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور جنگی جرم ہے، اسرائیل کو ان جنگی جرائم اور غزہ میں نسل کشی کے لیے جواب دہ ہونا چاہیے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے بیان میں مطالبہ کیا کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور اسرائیل کے حامی غزہ میں فسلطینیوں کی نسل کشی روکنے اور غزہ کے عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ روز شمالی غزہ کے علاقے الدرج میں پناہ گزین کیمپ میں قائم اسکول میں نماز فجر کے موقع پر 250 سے زائد فلسطینیوں کو نشانہ بنایا تھا اور اسرائیلی بمباری سے 100 سے زائد افراد شہید ہوگئے تھے۔

رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کے اسکول پر 3 بم گرائے تھے اور ہر بم کا وزن دو ہزار پاؤنڈ تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں