یوم تشکر : وزیراعلیٰ سندھ کی ’معرکۂ حق‘ ریلی میں شرکت، شہداء کو خراجِ عقیدت

بھارتی جارحیت پر پاکستان کی شاندار اور تاریخی فتح کے بعد ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی یومِ تشکر اور حب الوطنی کا جذبہ عروج پر ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معرکۂ حق ریلی میں شرکت کی اور قومی اتحاد و جذبے کو سراہا۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق سندھ سیکریٹریٹ کراچی میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیراعلیٰ نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور چیف سیکریٹری سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے دوران شرکاء نے وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔ فضا پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب پاکستان کی فتح اور قومی اتحاد کے عزم کی عکاسی ہے۔ مادرِ وطن کا دفاع ہر پاکستانی کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، قوم کو اپنے سپوتوں پر فخر ہے، اور شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر وطن کی عزت اور خودمختاری پر کسی قسم کے سمجھوتے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ قوم دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے اور عوام ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے نوجوان ملکی دفاع میں ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے اپنے خطاب کے اختتام پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دشمن کی سازشوں کا بخوبی ادراک ہے اور پوری قوم متحد ہے۔ سندھ حکومت ہر محاذ پر مدافعینِ وطن کے ساتھ کھڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں