لاہور کی انسداد دہشت گری عدالت میں پیشی کے دوران سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر طبیعت بگڑ گئی، جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسد عمر کے وکیل نے بتایا کہ اسد عمر کو دل میں تکلیف ہوئی ہے، انہیں کمرہ عدالت سے اٹھا کر مرکزی گیٹ پر موجود گاڑی میں منتقل کیا گیا، زین قریشی اسد عمر کو لے کر پی آئی سی روانہ ہو گئے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اسد عمر کا علاج جاری ہے، اسد عمر کو بلڈ پریشر ڈراپ ہونے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی آئی سی یو میں اسد عمر کا علاج جاری ہے، اسد عمر کی ای سی جی کی جاچکی ہے، ان کی ای سی جی میں دل کی دھڑکن تیز آئی ہے۔
اسپتال انتظامیہ نے مزید بتایا کہ 3 رکنی میڈیکل بورڈ اسد عمر کےضروری ٹیسٹ کر رہا ہے، اسد عمر کو کچھ دیر تک انڈر آبزرویشن رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 9 جون کو بھی اسد عمر کی طبیعت خراب ہو گئی تھی، کراچی میں طبیعت بگڑنے پر اسد عمر نے ریسکیو ایمبولینس 1122 سے رابطہ کیا تھا، انہیں کمر کے درد کے باعث کلفٹن کے نجی اسپتال پہنچایا گیا تھا۔
قبل ازیں 9 مئی کو تھانہ شادمان جلانے، عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت پیش ہوئے۔
اسی طرح تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی اور اسد عمر بھی 9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانت ختم ہونے پر عدالت پہنچے تھے۔