یورپی یونین کی عدالت انصاف نے مالٹا کی ’ گولڈن پاسپورٹ اسکیم‘ کو یورپی یونین کے قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے ’یونین کی شہریت کا حصول تجارتی لین دین کے نتیجے میں نہیں ہو سکتا ہے۔‘
جرمن میڈیا رپورٹ کے مطابق برسلز نے مالٹا کے اس پروگرام کے خلاف یورپی یونین کی اعلیٰ ترین عدالت سے رجوع کیا تھا
یورپی یونین کی عدالت انصاف کی جانب سے گزشتہ روز دیا گیا فیصلہ ’بائنڈنگ‘ ہے اور مالٹا کو اس کی تعمیل کرنا ہو گی یا پھر اسے بھاری جرمانے کے خطرے کا سامنا ہو گا۔
جرمن میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالت نے قرار دیا کہ کوئی رکن ملک پہلے سے طے شدہ ادائیگیوں یا سرمایہ کاری کے بدلے اپنی شہریت اور اس طرح یورپی شہریت نہیں دے سکتا کیونکہ یہ بنیادی طور پر شہریت کے حصول کو محض تجارتی لین دین بنانے کے مترادف ہے۔
عدالت انصاف کے مطابق مالٹا کی اسکیم مخلصانہ تعاون کے اصول کی خلاف ورزی کرتی ہے اور رکن ممالک کے درمیان ان کی شہریت دینے کے بارے میں باہمی اعتماد کو خطرے میں ڈالتی ہے۔