ویٹیکن حکام نے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی موت کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
ویٹیکن کے مطابق 88 سالہ پوپ فرانسس کا انتقال 21 اپریل 2025 کو صبح 7:35 بجے فالج (سٹروک) اور اس کے نتیجے میں دل کی دھڑکن بند ہونے سے ہوا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پوپ فرانسس مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے بیدار ہوئے اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد ان کا انتقال ہو گیا۔
ویٹیکن نے واضح کیا کہ پوپ فرانسس کی موت کا تعلق ان کے حالیہ نمونیا سے نہیں تھا جس کے لیے وہ فروری 2025 میں روم کے جیملی ہسپتال میں 38 دن زیر علاج رہے تھے۔
اس سے قبل پوپ فرانسس طویل عرصے سے دائمی پھیپھڑوں کی بیماری کا شکار تھے اور ان کے ایک پھیپھڑے کا کچھ حصہ جوانی میں ہٹایا گیا تھا۔
ویٹیکن کے مطابق پوپ فرانسس کی تدفین کے لیے ان کی وصیت کے مطابق سادہ انتظامات کیے جائیں گے اور انہیں روم کی سینٹ میری میجر باسیلیکا میں سادہ زیر زمین مقبرے میں دفن کیا جائے گا جس پر صرف ’فرانسس‘ لکھا ہوگا۔
نئے پوپ کے انتخاب کے لیے ’پیپل کونکلیو‘ 15 سے 20 دن کے اندر شروع ہوگا۔