کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ، ہیٹ ویو الرٹ جاری

شہر قائد میں گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہونے لگا، محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج سے درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری کا اضافہ متوقع ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ اس وقت شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔

مغربی سمت سے 17 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، تاہم کل سے سمندری ہوائیں بند رہیں گی جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں کل سے 23 اپریل تک ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ اس دوران موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ راتیں بھی معمول سے زیادہ گرم ہو سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری تک اضافہ متوقع ہے، جبکہ دن کے اوقات میں ہوا میں نمی کا تناسب 40 سے 50 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

شدید گرمی کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ شہری سورج کی براہ راست تپش سے بچیں، دن کے اوقات میں باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ گرمی سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں