کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن بسم اللہ چوک پر موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے پیپلزپارٹی کا یوسی چیئرمین عامر بھٹو جاں بحق ہوگئے۔ ملزمان باآسانی فرار بھی ہوگئے۔ ایڈیشنل آئی جی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
اورنگی ٹاؤن میں بسم اللہ چوک پر موٹرسائیکل سوار دو ملزمان کی فائرنگ سے پیپلزپارٹی کا یوسی چیئرمین جاں بحق ہوگئے۔ مقتول عامر بھٹو ایک میٹنگ کے سلسلے میں اپنے دفتر میں موجود تھے کہ اسی دوران ملزمان نے ان پر گولیاں برسائیں۔ جائے وقوعہ سے پولیس کو پانچ خول ملے ہیں۔
واقعے کے بعد جیالے رہنما اور کارکنان بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پرپہنچے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی اور میئر کراچی نے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔ علی خورشیدی نے کہا ایک بار پھر شہر کا امن خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ سب کو مل کر دہشت گردی کو شکست دینی ہوگی۔