کراچی کے تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں گزشتہ ہفتے بہادر نامی شہری کی جانب سے ایک درخواست دی گئی جس میں اس شہری نے موقف اپنایا کہ وہ قائد آباد ضلع ملیر کے رہائشی ہیں اور ان کے گھر کے قریب ہی MA ٹیلر کے نام سے درزی کی دکان ہے۔
دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عید کے باعث ان دنوں درزی کی دکان رات گئے کھلی رہتی ہے۔ گزشتہ ہفتے 19 مارچ کو کم و بیش صبح 4 بجکر 40 منٹ پر میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دکان پر کام میں مشغول تھا کہ 2 نامعلوم افراد دکان میں داخل ہوئے۔
دائر درخواست کے مطابق دکان میں داخل ہونے والے 2 افراد اسلحے کے زور پر 80 سلے ہوئے سوٹ لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ان افراد کی عمر 30 سے 35 سال کے درمیان ہوگی جو 70 سی سی بائیک پر آئے تھے اور ان کے چہرے پر کوئی نقاب نہیں تھا۔
درخواست گزار بہادر علی نے پولیس سے ملزموں کے خلاف کاروائی کرنے کی استدعا کی ہے۔