کراچی: ٹینکر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، حاملہ خاتون شوہر سمیت جاں بحق، پیدا ہونے والا نومولود بھی چل بسا

کراچی میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں حاملہ خاتون شوہر سمیت جاں بحق ہوگئی، جبکہ پیدا ہونے والا نومولود بھی چل بسا۔

حادثہ کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ کے قریب ہوا، جہاں واٹر ٹینکر موٹرسائیکل سوار میاں بیوی پر چڑھ دوڑا۔

پولیس نے بتایا کہ خاتون حاملہ تھی، جس نے زخمی حالت میں ہی بچے کو جنم دیا تاہم دونوں دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق ڈرائیور کو گرفتار کرکے واٹر ٹینکر کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق واٹر ٹینکر ہائی وے کی جانب جارہا تھا، ملیر ہالٹ پل کے نیچے سے تیزی سے شارع فیصل کی طرف آیا اور موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو کچل دیا۔

پولیس کے مطابق موقع پر مشتعل عوام نے واٹر ٹینکر کو آگ لگانے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی نے موقع پر پہنچ کر ٹینکر کو نقصان پہنچانے سے بچا لیا۔

ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق ڈرائیور کے ساتھ ہیلپر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، اور مقدمہ درج کیا جائےگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں