لاہور میں ڈالہ کلچر ختم نہ ہوسکا، مسلح گارڈز نے کار سوار شہری کو بیچ سڑک پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
لاہورمیں ڈالہ کلچرختم نہ ہوسکا۔ مغلپورہ میں بیجنگ انڈر پاس پر مسلح گارڈز نے کار سوار شہری کو بیچ سڑک پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ کپڑے کا تاجرراہ چلتے چلتے بگڑے شہزادے کے سامنے آ گیا۔ پہلے کار پر گولی چلائی، پھرسوارپرٹوٹ پڑے۔
عینی شاہدین نے بتایا ڈولفن اہلکاروں نے ملزمان کو فرارکرایا۔ واقعے کی فوٹیج وائرل ہوئی تو ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لے لیا۔
ملزمان اورسیکیورٹی کمپنی کےخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
گاڑی کے مالک کےخلاف بھی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
کار سوار شہری کا ویڈیو بیان سامنے آگیا
مسلح گارڈز کے تشدد کا نشانہ بننے والے شہری عمران کا ویڈیو بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے تفصیلات بتائیں۔ شہری نے بتایا کہ وہ رائیونڈ روڈ سے آرہے تھے اور کنال روڈ سے سیدھا کپڑوں کی خریداری کرنے جا رہے تھے کہ کچھ لوگ ڈالہ میں آئے اور انہوں نے مجھے ایک پل کے نیچے روک کر فائرنگ کی جس کے بعد میں اپنی گاڑی سے باہر آیا تو گارڈ نے میری طرف بندوق کر کے ڈرانے کی کوشش کی جس کے بعد وہاں موجود لوگوں نے ویڈیوز بنانی شروع کردیں اور مسلح گارڈز اپنی ڈالہ اور تین بندوق چھوڑ کر وہاں سے فرار ہوگئے۔ متاثرہ شہری کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ کپڑے کا تاجر ہے، انہیں غصہ تھا کہ فوری راستہ کیوں نہیں دیا گیا۔