کراچی میں افطاری کے وقت تین ڈکیت شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، ابوالحسن اصفہانی روڈ پرتشدد سے زخمی ملزم راشد دوران علاج ہلاک ہوگیا۔ ملزم انعام اور اسلم سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کیا گیا جبکہ ایک ملزم فرارہوا۔
کراچی میں مشتعل عوام کے تشدد کا نشانہ بننے والا ڈاکو دوران علاج چل بسا، ابوالحسن اصفہانی روڈ پر افطاری کے وقت لوٹ مارکرنے والے دو ڈاکو پکڑے گئے تھے۔
تیسرا ملزم فرار ہوگیا تھا، عوام نے پکڑے گئے دونوں ڈاکوؤں کی درگت بنا کر پولیس کے حوالے کر دیا تھا، گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا تھا۔
ملزمان ابو الحسن اصفحانی روڈ پر واقع بیٹری کی دکان میں لوٹ مار کر رہے تھے۔
کلا کوٹ تھانے میں قیدی کی مبینہ ہلاکت کیخلاف احتجاج
دوسری جانب کراچی کے علاقے لیاری میں کلا کوٹ تھانے میں قیدی کی مبینہ ہلاکت کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔
پولیس کے مطابق سکندر کو چوری کے کیس میں گرفتار کیا تھا، عوام نے ملزم کو موٹرسائیکل چراتے پکڑا تھا، چوری کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے، ملزم سکندر کی طبیعت اچانک خراب ہوئی، ملزم کو اسپتال منتقل کیا، دوران علاج دم توڑ گیا۔