جعفر ایکسپریس حملہ : اقوام متحدہ، چین اور امریکا کی مذمت

اقوام متحدہ، امریکا اور چین نے جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔

ایکس پر جاری ایک بیان میں امریکی سفارتخانے نے کہا ہے کہ ’ہم جعفر ایکسپریس پر حملے اور بلوچستان کے ضلع کچھی میں مسافروں کو یرغمال بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ اس حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی ہے، جسے امریکا نے ایک عالمی دہشتگرد گروپ قرار دیا ہے۔ ہم متاثرین، ان کے اہل خانہ اور اس خوفناک واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

سفارتخانے کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کو تشدد اور خوف سے آزاد زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، امریکہ پاکستان کا مضبوط شراکت دار رہے گا تاکہ وہ اپنے تمام شہریوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنا سکے،ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

چین کی مذمت
دوسری جانب چین نے جعفر ایکسپریس پر دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر دہشتگرد حملے کی رپورٹس دیکھی ہیں اور اس دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ماؤ ننگ کا کہنا ہے کہ چین کسی بھی شکل میں دہشتگردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور ہم دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مضبوطی سے حمایت جاری رکھیں گے۔

اقوام متحدہ کی مذمت
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یرغمالی بنانے کے کسی بھی واقعے کی مذمت کرتے ہیں، صورتحال پرنظررکھے ہوئے ہیں، یرغمالیوں کو فوراً رہا کیا جائے.

یاد رہے کہ یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرکے ٹرین کو مسافروں سمیت یرغمال بنا لیا تھا، بزدلانہ حملہ کرنے والے دہشتگرد بیرون ملک ہینڈلرزسے بذریعہ سیٹلائٹ فون رابطے میں رہے۔

سیکیورٹی فورسز نے بڑی تعداد میں یرغمال مسافروں بشمول عورتوں اور بچوں کو بازیاب کروالیا ہے اور موقع پر موجود تمام دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں